نیپرانے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لیے قسطوں کی تعداد محدود کردی ہے اور صارفین کے لیے قسطوں کی ادائیگی کا ریلیف بھی واپس لے لیا ہے۔
نیپرا دستاویزات کے مطابق صارفین اب سالانہ صرف ایک قسط میں اپنے بلوں کی ادائیگی کرسکیں گے۔ نیپرا نے اپنے کنزیومر سروس مینوئل میں ترمیم کرتے ہوئے کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ہدایات کے مطابق قسطوں میں ادائیگی کی صورت میں نیا کمپیوٹرائزڈ بل جاری کیا جائے گا اور تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں اگر مقررہ تاریخ پر ادائیگی نہیں کی جاتی ہے تو 14٪ تاخیر سے ادائیگی چارج لاگو کیا جائے گا.
یہ بھی پڑھیں: حسن علی نے معنی خیز پوسٹ شیئر کردی
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کی پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے سبسڈی حکومت برداشت کرے گی، وزیراعظم نے 200 یونٹس استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت كردی ۔ ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال بجلی نرخوں میں اضافہ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے نہیں کیا جائے گا، بڑے صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں اضافہ نئے مالی سال کے پہلے ماہ سے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کو رواں مالی سال کے اختتام تک 160 ارب روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔