وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور گورنر فیصل کریم کنڈی کو دھمکیاں دینا بند کریں، وزیر اعلیٰ رہیں، غنڈ ے نہ بنیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم سردار علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کا نہیں صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وزیر اعلیٰ سمجھتے ہیں ، ہمیں یہ لگتا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو شاہد غنڈہ بننے کا شوق تھا لیکن وہ غلطی کر گئے ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ بن بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کو دھمکی دینا محض ایک فرد کی توہین نہیں بلکہ ہمارے آئینی سسٹم کے جوہر پر حملہ ہے، فیصل کریم کنڈی اہم آئینی عہدے پر فائز ہیں ، ان کو دھمکی دینا پاکستان پیپلز پارٹی کو ناقابل قبول ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے کی طرف سے ان کو دی جانے والی دھمکی دہشت گردی کے زمرے ہیں آتی ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ اعلیٰ عوامی عہدے پر فائز شخص کی طرف سے فیصل کریم کنڈی کو دھمکیاں سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان کا گفتگو کے آخر میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور اپنے طرز عمل کو اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھا ہے ، ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔
ترجمان (ن) لیگ اختیار ولی خان کا علی امین کے بیان پر ردعمل
دوسری طرف اختیارولی نے کہا کہ گنڈا پور یہ مت بھولیں کہ مہنگائی عمرانی دور کا عذاب ہے، نوازشریف کی حکومت میں بجلی یونٹ اور روٹی پانچ روپے کے ملتے تھے۔ا نہوں نے کہا کہ نواز دور میں آٹے کا تھیلا چھ سو روپے میں ملتا تھا پھر تبدیلی سرکار آگئی، گنڈاپور صاحب اگر آپ کو یاد نہیں تو آئی ایم ایف کے ساتھ آپ کے مرشد کا معاہدہ پیش خدمت ہے۔اختیار ولی نے کہا کہ مفت اور پُرخلوص مشورہ ہے کہ بڑھک بازی چھوڑ دیں ۔