پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا اب ہمیں چا ہیے کہ عوا می نفرت سے بچیں اور ان کے مسائل حل کریں، چیف منسٹر کو وزیروں کیساتھ اب سختی کرنا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی سندھ کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن گزر چکے ہیں ، پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں تاریخی کامیابی سمیٹی ہے ، اب ہمیں اس طرف فوکس کرنا ہو گا کہ وسائل محدود ہیں عوام کے مسائل کو کیسے حل کریں؟ ۔ ان کا خطاب میں کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اور عوام میں رابطہ ضرور جاری رہناچاہیے، اراکین اسمبلی کو عوام کو وقت دینا پڑے گا، ہمیں محدود وسائل سے گورننس کو بہتر کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیا کر رہا ہے اس سے ہماری غرض نہیں ، ہمیں اس بات سے سروکار ہونا چاہیے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکنہ کریں گے چونکہ عوام کے ووٹوں سے ہم ممبر اسمبلی بنے ۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ یہ چیک کریں کہ وزراء آفس آتے ہیں یا نہیں ، تمام وزرا ءکی کارکردگی کی رپورٹ لوں گا، ہر چھ ماہ میں کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا، تمام منسٹرز عوام سے رابطوں کو یقینی بنائیں۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن گزرے کئی ماہ ہو گئے اپنے ارکان پارلیمنٹ میں سستی دیکھ رہا ہوں ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے اپنے ارکان پارلیمنٹ میں سستی دیکھ رہا ہوں، عوام کو اس مرتبہ پیپلزپارٹی سے تاریخی توقعات رکھتے ہیں، ارکان پارلیمنٹ کو فعال ہونا ہوگا، آپس کی لڑائیوں کی وجہ سے پرفارمنس میں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ٹرانسفر، پوسٹنگ کی سیاست ختم کرنا ہوگی ۔
اسلام آباد میں نفرت کی سیاست چل رہی ہے، ایسی سیاست سے پورا ملک مایوس ہے، ہمیں عوام کی آواز بننا ہوگا، چیف منسٹر سے 5 سالہ پروگرام شیئر کیا ہے، 5 سالہ پروگرام پرعملدرآمد کرانا میری نمبرون ترجیح ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب عوام کو سولر کے ذریعے سستی بجلی فراہم کریں گے، ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سولر پارکس بنائیں گے، ہم نے مزدور کارڈ شروع کیا ہے، کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ہر جگہ اچھے افسر لگائے جائیں، وزرا ءمحنت کریں تاکہ عوام کو ہمارا کام نظر آئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے وفاقی حکومت نے بجٹ میں پیسے رکھنے کا وعدہ کیا ہے، امید ہے شہباز شریف اپنا وعدہ پورا کر یں گے۔