بلوچستان کے اضلاع قلات اور مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 25 دہشتگردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خصوصی یونٹس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر قلات کے علاقوں مراپ، خالق آباد، پندران اور مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
مراپ میں بڑی کارروائی
مراپ میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 12 دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 سے 4 دہشتگرد شدید زخمی ہوئے۔ کارروائی میں دہشتگردوں کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کردیا گیا سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلات کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 19 دہشتگرد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
لیہر، پندران میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے وابستہ 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 1 سے 2 دہشتگرد زخمی ہوئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں لیہر پندران کے مشرقی علاقے کی جانب منتقل کی جا رہی ہیں، جبکہ دہشتگردوں کا خفیہ ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
جُر، پندران میں بھی کارروائی کی گئی، جہاں فتنۃ الخوارج سے وابستہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ ہلاک دہشتگرد کی لاش لیہر پندران کی جانب منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
کھڈکوچہ میں بھی آپریشن
مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، جس میں 7 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئےکارروائی کے دوران دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
خفیہ اطلاع پر کارروائی
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلات اور مستونگ میں کارروائیاں خصوصی اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان میں موجود دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد دہشتگردوں کے خفیہ نیٹ ورک اور ان کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرکے علاقے میں امن و امان کو مزید بہتر بنانا ہے۔