(تیمورخان)
خیبر پختونخوا حکومت نے کارکردگی دکھانے کیلئے پرانے منصوبوں پر نئی تختیاں لگا کر دوبارہ افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے دوران پختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی نے اپنے ملازمین اور بعض برائے نام خواتین کو جعلی پلاٹ لیٹرز بھی دے دیئے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس میں تین ہاوسنگ سکیموں ہنگو ٹاون شپ، ڈانگرام ہاوسنگ سکیم سوات اور میگاسٹی نوشہرہ کا افتتاح کیا۔ مذکورہ منصوبوں کا افتتاح تحریک انصاف اور نگران حکومتوں کے گزشتہ ادوار میں بھی ہو چکا ہے۔
موجود ریکارڈ کے مطابق ہنگو ٹاون شپ منصوبہ 8ہزار300کنال اراضی پر 2020 میں شروع ہوا جبکہ26جنوری2021کو پلاٹوں کی بیلٹنگ ہوئی اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس کا افتتاح ہنگو میں کیا۔ منصوبے میں 9ہزار128 افراد کو پلاٹس بھی الاٹ کئے گئے جبکہ ٹاون شپ میں 40فیصد ترقیاتی کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔جن افراد کو پلاٹس الاٹ ہوئے ہیں وہ تین سالہ اقساط پر تھے جس کی آخری قسط دسمبر2023میں جمع کی گئی ہے ٹاون شپ میں ملازمین کے کوٹے کے پلاٹس ابھی بھی موجود ہے۔
ڈانگرام ہاوسنگ سکیم سوات کو سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے 5دسمبر2022میں اس کا افتتاح کرتے ہوئے سوات پریس کلب کے 120ممبران کو الاٹمنٹ لیٹرز بھی دئیے تھے اور اس وقت پختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی نے بیان جاری کیاتھا کہ مذکورہ منصوبہ 680پلاٹس پر مشتمل ہے۔
میگا سٹی نوشہرہ8ہزار160کنال اراضی پر مشتمل منصوبہ خیبرپختونخوا کے نگران دور حکومت میں شروع ہوا اور 2023میں اس کاافتتاح بھی کیاگیا جبکہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15اگست 2023تھی 7نومبر 2023کو اس کی بیلٹنگ کی گئی۔اس میں ہزاروں پلاٹس ابھی بھی باقی رہتے ہیں جبکہ پلاٹس کوٹے کے تقسیم کی بنیاد پر دینے تھے لیکن کم تعداد میں لوگوں نے اپلائی کیا جس کی وجہ سے کوٹہ سسٹم کو نظر انداز کرکے پلاٹس دئیے گئے جس میں سے سینکڑوں افراد نے پلاٹ کیلئے جمع کی گئی ڈاون پیمنٹ دس فیصد کٹوتی کے ساتھ واپس لے لی۔رابطہ کرنے پر قائمقا م ڈائریکٹرجنرل عمران وزیر نے بتایا کہ تینوں منصوبوں کے کل پلاٹس 14ہزار کے قریب ہونگے۔جس میں امیدوارو ں کو پلاٹس لیٹر دے دیئے۔ ڈانگرام میں مقامی لوگوں کو بھی پلاٹس دیں گے جس کی جلد بیلٹنگ ہوگی تاہم ان کا کہناتھا کہ افتتاح میں میگا سٹی نوشہرہ میں پلاٹس لیٹر دئیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان منصوبوں کو تو پہلے بھی افتتاح ہوچکا ہے توان کا کہناتھا کہ اب گراونڈ بریکنگ افتتاح کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی نے اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے پرانے منصوبوں کا دوبارہ سے افتتاح کردیا۔