پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وفاقی فواد چودھری نے دعوی کیا ہے کہ شہباز گل کے بھائی کو بھی اٹھا لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فواد چودھری نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اب لاہور سے کہا جارہا ہے کہ اظہر مشوانی کے بھائیوں، عمر ایوب کو عدالت سے باہر محصور کرنا، عمران ریاض کو عدالتی احکامات کے باوجود باہر نہ جانے دینا اور گرفتاریوں اور چھاپوں سے تو یہی ظاہر ہو رہا ہے کہ ٹمپریچر کم کرنے کی بجائے بڑھانا ہی ان کا مقصد ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سمجھ سے باہر ہے کہ ان سب کے پیچھے ان کا فائدہ کیا ہے؟ سیاست میں راستے وار دروازے کھلے رکھنے ہوتے ہیں۔ لوگوں کو دیوار سے لگانا اور امید کرنا کہ خوف سے سیاست مطیع ہو جائے گی، کمال سوچ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانیوں کو 53 ہزار مشکوک کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جاری ہونے اور 349 بے نامی جائیدادوں کا انکشاف
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )سوشل میڈیا کے سربراہ اظہر مشوانی کے دونوں بھائی لاپتہ ہو گئے تھے ۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اظہر مشوانی کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ میرے دونوں بڑے بھائیوں پروفیسر مظہر اور پروفیسر ظہور مشوانی کو رات 2:50 بجے ہمارے گھر ٹاؤن شپ لاہور سے درجنوں CTD کے یونیفارم اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اٹھا کر لے گئے ۔
انکا کہنا تھا کہ میرے کسی فیملی ممبر کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور تمام افراد درس و تدریس کے شعبے سے تعلق رکھتےہیں، ظہور مشوانی کو پچھلے سال بھی 145 دن اغوا رکھا گیا۔ میرے والد صاحب کو 3 دن اور مجھے 8 دن اغوا رکھا گیا۔یہ ظلم اور بدمعاشی اب بند ہونی چاہیے۔ جس کا دل کرتا ہے گھروں میں گھس کر بندے اٹھا لے جاتا ہے۔
اظہر مشوانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ پاکستان میں رہ رہے ہیں؟ اور پاکستان میں جنگل کا قانون رائج ہے؟۔