بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ یہ اسکیم صوبے میں بھرتی ہونیوالے نئے سرکاری ملازمین کیلئے ہوگی۔ اسکیم کے تحت ہر ماہ ملازمین کی پنشن کی رقم ان کی تنخواہ سے کاٹ لی جائیگی اور اس رقم کے برابر رقم صوبائی حکومت دے گی۔ہر ماہ جمع ہونیوالی رقم ملازم کو ریٹائرمنٹ پر دیدی جائیگی۔ اس اسکیم کا اطلاق پہلے سے بھرتی موجودہ ملازمین پر نہیں ہوگا۔ صوبائی محکمہ خزانہ کے مطابق ملازمین کیلئے اسکیم کا اعلان آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں کیا جائیگا۔
مزید پڑھیں: بینکوں سے کیش نکلوانے پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز مسترد
دوسری جانب پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو عید سے پہلے ہی بڑی خوشخبری سنا دی۔ ملازمین کو تنخواہیں عید سے پہلے قبل از وقت دینے کا اعلان کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام سرکاری ملازمین کو عید سے پہلے پیشگی تنخواہ دینے کے احکامات جاری کر دیے۔ وزیراعلیٰ کے احکامات پر ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہ دینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری ملازمین کو 13جون سے پہلے جون کی پیشگی تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔ اس حوالے سے رواں ہفتے میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا عمل شروع ہوجائے گا۔پنجاب کے سرکاری ملازمین 15دن کے اندر تنخواہیں ملنے کے فیصلے پر مطمئن ہیں۔ وزیراعلیٰ کا قبل از وقت تنخواہوں کی ادائیگی کے فیصلے کا مقصد عید کے اخراجات پر آسانی فراہم کرناہے۔