نئی فائر وال ٹیکنالوجی کس طرح کام کرے گی اور کیا اس ٹیکنالوجی کی مدد سے حکومت سوشل میڈیا کنٹرول کر سکے گی؟ تحقیقاتی صحافی عمر چیمہ نے اندر کی خبر دیدی۔
سینئر صحافی عمر چیمہ نےانٹرنیٹ فائر وال سے متعلق آزاد ڈیجیٹل کو بتایا ہے کہ فائر وال ایک فلٹر ہے جو کہ ہمارے انٹرنیٹ سسٹم میں لگا دیا جائیگا۔جس سے انٹرنیٹ کی جتنی بھی ٹریفک ہے وہ فلٹر ہوکر جائیگی۔ سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ فائر وال لگانے میں حکومت کے 2/3مقاصد ہیں۔ایک مقصدہے کہ حکومت کیخلاف جو لوگ پراپگنڈا کرتے ہیں یا فیک نیوز چلاتے ہیں ان کے مواد کو چیک کیا جائیگا اور پھر اس کو آگے جانے دیا جائیگا۔ اگر ان کی نظر میں کچھ غلط ہے تو اس کی رسائی عوام تک کم کر دی جائیگی۔ دوسرا یہ کہ کوئی ایسے ٹارگٹ ہیں جہاں سے بہت زیادہ پراپگنڈا یا فیک نیوز چل رہی ہیں، ان کا تعاقب کیا جاسکے۔تیسرامقصد یہ ہے کہ جولوگ وی پی این استعمال کر رہے ہیں اور وہ پی ٹی اے کیساتھ رجسٹر نہیں ہیں تو ان کا پتہ لگانا بھی ممکن ہوسکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس فائر وال لگانے سے یہ نہیں کہ پورا سوشل میڈیا بیٹھ جائیگا بلکہ اس سے سوشل میڈیا حکومت کے کنٹرول میں آجائیگا۔ جو مواد وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں تک نہ پہنچے اس کی رسائی کو روک دیا جائیگا، یہ سارا مقصد ہے جس کیلئے فائر وال انسٹال کی جارہی ہے۔

