یومِ عاشور کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں واقعۂ کربلا کو حق، عدل اور انسانی وقار کا لازوال پیغام قرار دیتے ہوئے قومی اتحاد، بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ پر زور دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے جو مسلمانوں کو صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتؓ نے باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جو رہتی دنیا تک امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔
صدرِ مملکت نے عوام پر زور دیا کہ وہ افواہوں اور اشتعال انگیز رویوں سے اجتناب کریں اور قومی وحدت و یکجہتی کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعۂ کربلا اصلاحِ امت، احیائے سنتِ نبویؐ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا طرزِ عمل اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ اصولوں اور حق کی خاطر قربانی دینا ظلم اور جبر کے سامنے جھکنے سے کہیں بہتر ہے۔
وزیرِ اعظم نے علماء کرام، نوجوانوں اور پوری قوم سے اپیل کی کہ اختلافات اور انتشار کو مسترد کرتے ہوئے باہمی احترام، برداشت اور اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ایک متحد، مضبوط اور پُرامن پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ واقعۂ کربلا سے حاصل ہونے والے اسباق پر عمل کرتے ہوئے قومی یکجہتی، سماجی انصاف اور عوامی فلاح کے اہداف کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔