سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے : عمران خان

سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے : عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے کیونکہ یہ الیکشن کرانے میں مکمل ناکام رہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کی کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتیاں ہو ر ہیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگتی ۔ ان کو کوئی پرواہ نہیں وہ اس وقت نیو یارک میں کرکٹ کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سب سے بڑا سفارشی ہے۔ ان کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ مجھے اس لیے خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کس طرح دھاندلی سے پردہ نہ اٹھ جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرائی پھر ان کے پاس جانے کا کہا جا رہا ہے اور میڈیا کو بند کرنا ان کا مقصد ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جس پارٹی نے الیکشن میں حصہ ہی نہیں اس کو جتوایا گیا ۔ جنرل انتخابات کا پوسٹمارٹم ہونا چاہیے ۔ پنجاب بھر میں ہمارے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، تحریک انصاف کے ورکرز جہاں کنونشن کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کو اٹھایا جا رہا ہے ۔ شبلی فراز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا وہ کہ اٹھارہ سال سے ایک ہی گھر میں رہ رہے ہیں ۔ ان پر دھاوا بولا گیا ۔ انہوں نے اپنی جماعت کے لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ تیاری پکڑ لیں ملک بھر میں احتجاج کریں گے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کے حالات ایسے ہیں کہ یہاں ذرائع آمدنی کم ہو رہی ہے اور بیرونی قرضوں کا بوجھ دن بدن بڑھتا رہا ہے ۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ، آئی جی جیل خانہ جات اور جیل میں موجود کرنل کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے ۔ مجھے فیملی ممبران، وکلاء اور سیاسی رہنما ؤں سے 30 ،30 منٹ ملاقات کا وقت دیا جاتا ہے جبکہ مجھے جیل میں ایک قیدی کھانا بنا کر دیتا ہے اور 6 لوگوں سے زائد لوگوں کو نہیں ملنے دیا جاتا۔انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے لیے کھانا گھر سے تیار ہو کر آتا تھا ۔ دونوں کے لیے کئی لوگ ملاقات کے لیے جیل بھی آتے تھے۔ ؎

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ن لیگ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ ن لیگ کے ایم این اے بیرسٹر عقیل ملک آج کی سماعت میں مشاہدے کے لیے عدالت میں موجود ہیں، اس پر کیا کہیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اور ہمارے ایم این ایز کو جیل میں آنا چاہیے۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ ہارنے کے بعد چیئرمین پی سی بی و وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *