پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی فیصلہ، کیا بولرز اور بیٹرز میں نیا نکھار آئے گا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی فیصلہ، کیا بولرز اور بیٹرز میں نیا نکھار آئے گا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27-2026کے ڈومیسٹک سیزن میں ’ڈیوکس‘ گیند کا استعمال روک کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں دوبارہ ’کوکابورا‘ گیند لانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

اس اہم تبدیلی کا بنیادی مقصد ڈومیسٹک اور بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کے معیار اور کنڈیشنز کے درمیان موجود خلیج کو ختم کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اس تازہ ترین فیصلے کے بعد قائد اعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی میں گزشتہ 2 سیزنز سے استعمال ہونے والی ‘ڈیوکس’ گیند کے دور کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا۔

بورڈ حکام کا ماننا ہے کہ کھیل کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے گیند کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ ویڈیو پر بڑا تنازع، آئی سی سی نے انگلش کرکٹ بورڈ کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا

رپورٹس کے مطابق ’ڈیوکس‘ گیند کی نمایاں اور انتہائی سخت سیون کی وجہ سے فاسٹ بولرز کو طویل وقت تک سوئنگ اور سیم موومنٹ ملتی رہتی تھی۔

اس موومنٹ کے باعث میچ کا جھکاؤ مکمل طور پر فاسٹ بولرز کی طرف ہو جاتا تھا۔ ’کوکابورا‘ لانے سے پی سی بی کو امید ہے کہ بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان ایک مثالی اور بہتر توازن قائم ہو سکے گا اور کھیل میں اسپنرز کو بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا بھرپور موقع ملے گا۔

میچز کے مقامات اور موسم کا کردار

نئے فیصلے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک سیزن کے وینیوز کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق نئے سیزن میں زیادہ تر فرسٹ کلاس میچز پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد کے اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔

ان شہروں کا موسم اور پچز روایتی طور پر پہلے ہی فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہیں۔ ایسے میں وہاں ’کوکابورا‘ گیند کا استعمال میچز کو ون سائیڈڈ ہونے سے بچائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ماضی میں بھی ڈومیسٹک سطح پر کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے مختلف برانڈز کی گیندوں کے تجربات کرتا رہا ہے۔

گزشتہ 2 سیزنز میں ‘ڈیوکس’ گیند اس لیے لائی گئی تھی تاکہ فاسٹ بولرز کو مدد مل سکے اور بیٹرز مشکل کنڈیشنز میں کھیلنا سیکھیں۔

تاہم  اس کے نتائج کچھ یوں نکلے کہ فاسٹ بولرز کا غلبہ اس قدر بڑھ گیا کہ ڈومیسٹک سطح پر اسپنرز کا کردار تقریباً ختم ہو کر رہ گیا اور بلے بازوں کے لیے کریز پر ٹکنا محال ہو گیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ، کرکٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور مراعات میں نمایاں اضافہ

بین الاقوامی سطح پر (سوائے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے) زیادہ تر ’کوکابورا‘ گیند ہی استعمال ہوتی ہے، اس لیے دوبارہ اسی گیند کی طرف لوٹنا ایک طویل المدتی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

پی سی بی کا یہ فیصلہ انتہائی خوش آئند اور زمینی حقائق کے عین مطابق ہے۔ ’ڈیوکس‘ گیند کی سخت سیون پاکستان جیسی ڈومیسٹک پچز پر بلے بازوں کی تکنیک کی خامیوں کو بے نقاب کرنے کے بجائے انہیں غیر ضروری دباؤ کا شکار کر رہی تھی۔

جب میچز پشاور اور ایبٹ آباد جیسے سرد اور نمی والے شہروں میں ہوں گے، تو وہاں ’کوکابورا‘ گیند سے بھی ابتدائی اوورز میں فاسٹ بولرز کو مدد ملے گی۔

لیکن جیسے ہی گیند 20 سے 25 اوورز پرانی ہوگی، اس کی سیون دب جائے گی اور بلے بازوں کو شاٹس کھیلنے کا موقع ملے گا۔

اسی طرح پرانی گیند سے اسپنرز بھی کھیل میں واپس آئیں گے، جو پاکستان کرکٹ کی اصل طاقت رہے ہیں۔ یہ فیصلہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پختہ مزاج بلے باز اور میچ وننگ اسپنرز تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

Related Articles