کسی کو عمران خان اچھا لگے یا بُرا، انتخابات پاکستان تحریک انصاف جیت چکی ہے، محمود خان اچکزئی کا اہم بیان آگیا۔
تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیساتھ میرے بڑے گہرے برادرانہ سیاسی تعلقات رہے ہیں۔ جب وہ ایک سیٹ لے کر آئے تھے تب ہی تعلقات تھے۔ ملک بہت مشکل حالات میں ہے، ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔ اب تک جو کچھ ہوااس لئے ہوا کہ پارلیمان کو بننے ہی نہیں دیا گیا۔ ہم سب کو اپنے گناہ تسلیم کرنا ہوں گے۔ میاں نواز شریف ووٹ کو عزت دو کا کہتے تھے اس کا بھی یہی مطلب تھا۔ میں تین سال کہتا رہا کہ گول میز کانفرنس بلائیں، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز ہوں اور ملک کر فیصلہ کرنا ہوگاکہ ملک کو کس طرح چلانا ہےاور کس طرح آگے لے کر بڑھنا ہے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا عمران خان کی رہائی کے لیے 14 جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
محمود اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ 2006میں نوازشریف کوقائل کیا کہ پی پی پی سے رابطہ ضروری ہےجس کے بعد چارٹر آف ڈیموکریسی سائن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جو تماشے ہوئے اس کا نتیجہ نکل چکا ہے۔ ملک سچ بولنے سے بچ سکتا ہے، ہمیں سچ کو تسلیم کرنا چاہئے اور بہادری کیساتھ کہنا چاہئے۔ سچ یہ ہے کہ 2024میں پاکستان کی تاریخ کے بدترین انتخابات ہوئے اور کسی کو عمران خان اچھا لگے یا بُرا، پی ٹی آئی انتخابات جیت چکی ہے۔ الیکشن کو کس طرح الٹایا گیا یہ گناہ کبیرہ ہے۔ ہمت کیساتھ کہنا چاہئے کہ پی ٹی آئی انتخابات جیت چکی ہے۔