پاکستانی باکسرعثمان وزیر کی بڑی کامیابی، 19ویں انٹرنیشنل ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت لی

پاکستانی باکسرعثمان وزیر کی بڑی کامیابی، 19ویں انٹرنیشنل ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت لی

پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے اپنے بین الاقوامی باکسنگ کیریئر میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی، انہوں نے تھائی لینڈ میں ہونے والی 19ویں انٹرنیشنل ورلڈ رینکنگ فائٹ میں انڈونیشین باکسر کو شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔

عثمان وزیر کی اس فتح کے ساتھ ہی وہ ڈبلیو بی اے گولڈ ٹائٹل کے لیے بھی کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جسے پاکستانی باکسنگ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

تھائی لینڈ میں ہونے والی ورلڈ رینکنگ فائٹ میں عثمان وزیر کا مقابلہ انڈونیشیا کے باکسر سے ہوا،پاکستانی باکسر نے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو شکست دی اور 19ویں انٹرنیشنل ورلڈ رینکنگ فائٹ اپنے نام کرلی،اس کامیابی کے بعد عثمان وزیر کی نظریں اب ڈبلیو بی اے گولڈ ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔

عثمان وزیر نے اس فتح کے نتیجے میں ڈبلیو بی اے گولڈ ٹائٹل کی فائٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے،گولڈ ٹائٹل کے مقابلے کا اعلان آئندہ کیا جائے گا۔ عثمان وزیر کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے بہت جلد تفصیلات سامنے لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :اداکاری اور گلو کاری کے بعد ہانیہ عامر کا باکسنگ رنگ میں اترنے کا فیصلہ

عثمان وزیر نے اپنی حالیہ کامیابی کور کمانڈر پشاور، پاک فوج اور پولیس کے شہدا کے نام کردی،اپنے بیان میں پاکستانی باکسر نے کہا کہ وہ اپنی جیت افواج پاکستان، پولیس کے جوانوں اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے نام کرتے ہیں۔

انہوں نے شہدا اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،عثمان وزیر نے کہا کہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ انہیں سپورٹ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنی کامیابیوں کے ذریعے ملک کا نام مزید روشن کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے،عثمان وزیر نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے اپنی 20ویں فائٹ بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

editor

Related Articles