وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی اہم ملاقات ختم، بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو بجٹ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیراعظم کوبجٹ سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جیالے رہنمائوں نے مطالبات کی فہرست وزیراعظم کو تھمادی، پیپلزپارٹی کی جانب سے جنوبی پنجاب میں انتظامی کنٹرول انہیں دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: عوام مسائل کاحل چاہتے ہیں، چیف منسٹر وزیروں کیساتھ سختی کریں، بلاول
چئیرمین پیپلزپارٹی نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی۔ انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ سندھ کے مختلف منصوبوں میں وفاق سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا تاہم بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو بجٹ میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعظم کی جانب سے بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم کے اعزاز میںعشائیہ بھی دیا گیا۔ عشایئے میں وزیراعظم اوربلاول بھٹو زرداری سمیت دونوں سیاسی جماعتوں کے سینئررہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عوام اور پاکستان کے خلاف بجٹ اکنامک ہِٹ مین نے بنایا ہے۔عمر ایوب نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی بتائے اس بجٹ کی حمایت کرے گی یا نہیں۔ اگر پیپلزپارٹی حکومت کے بجٹ اجلاس میں شریک نہ ہوئی تو حکومت کیلئے مشکل کھڑی ہوجائیگی۔