وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کو روکنے کے بجائے اسے فروغ دے رہی ہے۔
اسلام آباد میں اتوار کی شام میڈیا نمائندوں سے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عوام کی حفاظت اور سکیورٹی ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے، تاہم ان کے بقول خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی ’’بی ٹیم‘‘ اس لیے قرار دیتے ہیں کیونکہ ان کے بقول صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قائم صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد نہیں کیا۔
عطا تارڑ نے سوال اٹھایا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے سے کس نے روکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوتے ہیں، تاہم خیبر پختونخوا میں ایسا نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کو این ایف سی کے تحت انسداد دہشتگردی کی مد میں 700 ارب روپے سے زائد رقم مل چکی ہے۔ ان کے بقول صوبائی حکومت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرنا ہی نہیں چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کو دہشتگردوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات نہیں کیے۔ ان کے مطابق صوبے کے عوام کا تحفظ نہ کرنا صوبائی حکومت کی ناکامی ہے۔
عطا تارڑ نے تحریک انصاف کو ’’تحریک انتشار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کا وطیرہ ہے کہ بات چیت کے لیے آتے ضرور ہیں لیکن اپنی پالیسیوں میں تبدیلی کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی پالیسیوں سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہیں اور اس کے رہنما یوٹرن لینے کے ماہر ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پاکستان سے حاصل ہونے والے وسائل سے فائدہ اٹھاتی ہے لیکن افغانستان کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تحریک انصاف کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حاصل وسائل پاکستان نے فراہم کیے ہیں، تاہم ان کے بقول صوبائی حکومت افغانستان کے حق میں پالیسی اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ’’پالیسی چینج‘‘ کی بات دہشتگردوں کو تحفظ دینے کے مترادف ہے۔ ان کے بقول صوبائی حکومت کی پالیسیوں کے باعث صوبے میں جانی نقصان ہو رہا ہے، معصوم بچوں اور ریسکیو ورکرز کا خون بہہ رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ایک قیدی کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں۔