(سید ذیشان)
پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر کل کور کمیٹی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ کور کمیٹی کا اجلاس کل ڈھائی بجے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کور کمیٹی ممبران کو شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کور کمیٹی کا اجلاس کی صدارت پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کرینگے۔پی ٹی آئی ذرائع نے آزاد ڈیجیٹل کو بتایا کہ خیبرپختونخوا سے کور کمیٹی کے زیادہ تر ممبران اسلام آباد بھی پہنچ گئے ہیں ۔خیبرپختونخوا سے اجلاس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا،اسد قیصر،شاہ فرمان،عاطف خان،اعظم سواتی، تیمور سلیم جھگڑا اور مینا خان آفریدی شرکت کرینگے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جہاں مخصوص نشستوں کا معاملہ زیر غور لایا جائے گا وہی بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات سمیت پارٹی کے دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا۔ پیر کے روز سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر سماعت ہوگی اس حوالے سے بھی کل اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ اگر نشستیں نہ ملی تو متبادل کے طور پر کیا راستہ اختیار کیا جائے۔ کور کمیٹی اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا مینا خان کا کہنا تھا کہ کل اتوار کے دن کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ان کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا ابھی تک موصول نہیں ہوا ہے۔یاد رہے وزیر اعلٰی علی امین گنڈا پور بھی گزشتہ روز سے اسلام آباد میں موجود ہے۔