وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے آج بھی 9مئی والے ہیں اورآئندہ بھی 9مئی والے ہی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران بجٹ پر بحث کی گئی ، اس موقع پر خواجہ آصف کو مائیک دینے پرسنی اتحاد کونسل نے شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے کہ فاٹا آپریشن کو فوری طور پر بند کیا جائے ۔ انہوں نےکے پی کے آپریشن اور پختونوں کا قتل نامنظور ہے کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے لئے اٹھنے والی آواز کو دبایا جا رہا ہے ۔ اقلیتوں کا کبھی فیصل آبادکبھی سوات اور کبھی سرگودھا میں قتل ہوتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مذہب کے نام پر کسی کو خون بہانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اس مسئلے پر ایوان کومتفق اور متحدہ موقف اختیار کر نے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں مسلمانوں کے چھوٹے فرقے اور کوئی مذہبی اقلیت محفوظ نہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کے فیصلے میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران کمیٹی میں تحریک انصاف شامل رہی اور اس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی موجود تھے ۔ ان کے سامنے ساری بات چیت ہوئی ، لیکن اب اس ایوان میں آپریشن عزم استحکام پر بات کریں گے۔
پی ٹی آئی کو اعتراض ہونے لگا ہے تو تب اس پر بات کرسکتے ہیں، آج یہ ایوان میں مظاہرہ کرکے دہشت گردوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فوج کے خلاف کھڑے ہیں، پی ٹی آئی والے آج بھی 9مئی والے ہیں کل بھی نومئی والے تھے اور آنے والے کل بھی نومئی والے ہو نگے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا استحکام پاکستان آپریشن کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی میں پہلے سے نامکمل آپریشنز کو آگے بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے، کمیٹی کے فیصلے کو کابینہ میں لارہے ہیں، جس کے بعد معاملہ ایوان میں لائیں گے۔