وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی ان کے لیے خطرہ نہیں، وہ اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جیل سے رہائی ان کی پارٹی یا حکومت کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاست میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، انہیں سیاسی طور پر حل کیا جانا چاہیے، ہم اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمر ایوب کا استعفیٰ؟ پارٹی جنرل سیکرٹری کون؟ تحریک انصاف نے فیصلہ سنا دیا
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں عمران خان کو جیل سے باہر آنے میں چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی جیل سے باہر آئیں گے لیکن اس میں چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو سمجھ بوجھ کے ساتھ سامنے آنا ہوگا اور وہ جلد سمجھ جائیں گے، انہوں نے 80 فیصد سیکھا ہے اور بقیہ 20 فیصد سیکھ کر باہر آئیں گے۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی کوئی گارنٹی نہیں دے رہے اور اپنی بات پر عمل نہیں کر رہے، گارنٹی دینے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی شام کو کچھ کہتے ہیں اور صبح کچھ اور۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: بچوں کو گاڑی میں تنہا چھوڑنے پر 500 ریال تک جرمانہ ہو گا
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے بانی راضی نہ ہوئے تو جیل میں رہیں گے اور حکومت چلتی رہے گی، پی ٹی آئی کے بانی ضمانت دیں کہ باہر آئیں گے اور جمہوریت کی حمایت کریں گے۔