جو فلور مل آٹا مہنگا کرنے میں ملوث ہوئی اسکے خلاف سخت ایکشن ہوگا، پنجاب حکومت نے وارننگ دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین اور وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے تاریخی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جب حکومت بنائی تو پنجاب میں آٹا 2800 کا تھا جو اب 50 فیصد کم ہو چکا ہے۔ پنجاب میں روٹی 20، 25 روپے سے کم کر کے 12، 14 روپے پر لے آئے ہیں۔ انہوں نے وارننگ دی کہ جو فلور مل آٹا مہنگا کرنے میں ملوث ہوئی اسکے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ غریب آدمی کا نوالہ سستا کرنا مریم نواز کا مشن ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد ہوگئی، وزیر خزانہ
بلال یاسین نےمزیدکہا کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوروںکیخلاف ایکشن لیں۔ پنجاب میں گندم کا 23 لاکھ ٹن کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے۔ پاسکو کا سٹاک بھی موجود ہے لہذا کسی صورت آٹا مہنگا نہیں ہونے دیں گے۔ گندم کی وجہ سے محکمہ خوراک پر 375 ارب کا قرض ہے جس کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ مئی جون میں قرض کم ہو رہا ہے اور ادائیگی کر رہے ہیں۔ اربوں روپے کی گندم موجود ہے اور جلد ہی لون فری سٹیٹس پر جا رہے ہیں۔