آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم بھارت کو 24 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کا انعام ملا یہ رقم پاکستانی روپے میں 68 کروڑ روپے بنتی ہے۔
دوسرے نمبر پر رہنے والی جنوبی افریقہ کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالر ملے جو پاکستانی روپے میں تقریبا 35 کروڑ 62 لاکھ روپے بنتی ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں میں سے ہر ایک کو 7 لاکھ 87 ہزار 500 ڈالر ملے جو پاکستانی روپے میں تقریبا 22 کروڑ روپے بنتی ہے۔ پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے کے باوجود پاکستان کو 2 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالر ملے جو پاکستانی روپے میں تقریبا 6 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتےہیں۔ پہلے راؤنڈ میں اپنے اپنے گروپوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے لئے انعامی رقم 247،500 ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کے بعد روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
خیال رہے کہ بھارت نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئں بن گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 17 سال بعد ٹائٹل جیت لیا۔ کینسنگٹن اوول سٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے،ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقن ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں 12 رنز تک گر گئیں، ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم 4، 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہینڈرکس کو جسپریت بومرا اور ایڈن مارکرم کو آئوٹ کیا۔تیسری وکٹ پر ٹرٹن اسٹبز اور کوئنٹن ڈی کوک کے درمیان 58 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ اسٹبز 21 گیندوں پر 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انہیں اکشر پٹیل نے آئوٹ کیا۔جنوبی افریقہ کو چوتھا نقصان کوئنٹن ڈی کوک کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کوک ارشدیپ سنگھ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔ اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ہینرک کلاسین اور ڈیوڈ ملر نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ تاہم 27 گیندوں پر 52 رنز بنانے والے 151 کے مجموعے پر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے
۔ اسکے بعد جسپریت بومرا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کا جیت کا خواب چکنا چور کردیا، اپنے اختتامی دو اوورز میں صرف 5 رنز دے کر بھارت کی میچ میں واپسی کروادی۔جنوبی افریقہ کو آخری اوور میں جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے، لیکن جنوبی افریقی ٹیم فنشنگ لائنز عبور نہ کرسکی۔بھارت کی طرف سے ہاردیک پانڈیا نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، بومرا اور ارشدیپ نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ لی۔ بارباڈوس کے برج ٹائون میں کھیلے جانے والے اس فائنل مقابلے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کا رنز کے اعتبار سے تو آغاز برق رفتار رہا جہاں اس نے ابتدائی دو اوورز میں 23 رنز بنائے لیکن وہ کپتان روہت شرما اور ان فارم رشبھ پنت کی وکٹوں سے بھی محروم ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
روہت شرما 9 جبکہ ریشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ دونوں کو کیشو مہاراج نے میدان بدر کیا۔34 کے مجموعے پر نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹر سوریا کمار یادیو کو کگیسو رباڈا نے چلتا کیا۔ سوریاکمار نے 3 رنز بنائے۔اس کے بعد سٹار بلے باز ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کے درمیان 54 گیندوں پر 72 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بھارت کی فائٹنگ ٹوٹل کی جانب پیش قدمی کو یقینی بنایا۔ اکشر پٹیل 106 کے مجموعے پر 47 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔شیوم ڈوبے کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت کے دوران کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ویرات کوہلی 19ویں اوور میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ آخری اوور میں 27 رنز کی اننگز کھیلنے والے شیوم ڈوبے اور 2 رنز بنانے والے رویندرا جاڈیجا آئوٹ ہوئے۔
بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور اینرک نورکیا نے دو دو جبکہ مارکو یانسین اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک آئوٹ کیا۔واضح رہے کہ دونوں ہی ٹیمیں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ فائنل تک پہنچیں تھیں۔

