عالمی مارکیٹ میں بھی تیل قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سوموار کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ برینٹ کروڈ 54 سینٹ یا 0.64 فیصد اضافے کے ساتھ 85.55 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔ جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 49 سینٹ یا 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 82.03 ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔ جون کے دوران دونوں معاہدوں میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے وسیع تر مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: ایل پی جی بھی مہنگی ہوگئی
یاد رہے کہ ملک میں یکم جولائی سے 15جولائی تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پاکستان میں یہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 277 روپے 45 پیسے ہوگئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 88 پیسے مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 12 بجے سے ہوگا۔

