پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحافیوں پر ہونے والےمظالم کیخلاف پی پی صحافیوں کیساتھ کھڑی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنااور سازشیں کرنا تحریک انصاف کی پہچان ہے ، پی ٹی آئی اقتدار کی خاطر گرنے کے لئےکوئی بھی حد کراس کر سکتی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت پر یقین رکھنا ہمیشہ پیپلزپارٹی کا شیوہ رہا ہے ، آزادی صحافت کو دبانے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے ۔ متعلقہ ادار ے اور پارلیمان خیبرپختونخوا میں صحافیوں کے تحفظ اور صحافت کی آزادی کے لئے اپنا اپناکردار ادا کریں ۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف جتنا مرضی انکار کرے، اندرونی لڑائیاں بہت ہیں، صدیق جان
خیبر پختونخوا میں آزادی صحافت کے لئے تنگ ہوتی زمین پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں صحافیوں کے خلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ متاثرہ صحافی اپنے خلاف ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور حکمران جماعت کو قرار دے رہے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ صحافیوں پر مظالم کے ذریعے صحافت کو دبانا فسطائیت پسند گروہوں کا وطیرہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی آزادی صحافت سے خوفزدہ ہے ۔