پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔
ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں (Illegal Spectrum) کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضا قرار دیاگیا۔
چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر فورم نے تشویش کا اظہارکیا۔