محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آ ج سے 15جولائی تک ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ نئی ایڈوائزری کے مطابق آج اور کل سندھ اور بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ جبکہ اس دوران کراچی اور اندرون سندھ بھی بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون کی طوفانی بارشیں، گلیشئیر پھٹنے کا الرٹ جاری
اسی طرح ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 10سے 15جولائی تک بارشیں متوقع ہیں۔صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع اور اسلام آباد میں 10سے 15جولائی اور جنوبی پنجاب میں 12سے 14جولائی کے دوران موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 11سے 15جولائی کے دوران بارش کاامکان ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 8، 9اور 12جولائی کو مون سون کی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نےبھی خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا شدید دباؤ ہے جس کے باعث مون سون میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ مون سون کا اسپیل بھارت سے پاکستان میں داخل ہوسکتا ہے جس کے باعث جولائی اور اگست کے دوران چاروں صوبوں میں بارشیں متوقع ہیں۔