ہم نے مخصوص نشستیں واپس حاصل کرلیں اب اگلا ہدف فارم 47 کے تحت چھینی ہوئی نشستیں واپس حاصل کرنا ہے، پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا ردِعمل آگیا۔
پی ٹی آئی نے مخصو ص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، ہمیں ہمارا حق مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے رہے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، سپریم کورٹ نے واضح کر دیا، جو لوگ پی ٹی آئی کو مٹانا چاہتے تھے انہیں پیغام مل گیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے پی ٹی آئی کی ریزرو سیٹوں پر حق وانصاف پر مبنی فیصلہ دیا گیا، آج 25 کروڑ عوام، جمہوری قوتوں، محب وطن پاکستانیوں کیلئے خوشی کا دن ہے، یہ فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج 13 میں سے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے، آج 8 اور 5 کے تناسب سے فیصلہ ہوا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدآمد کرے، امید کرتے ہیں پی ٹی آئی کی ریزرو سیٹیں دی جائیں گی، جو ہمارا الیکشن رکا ہوا ہے اس کو جلد سے جلد ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، قاضی فائز عیسیٰ صاحب نے کوئی انمول کام نہیں کیا، یہ فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے پڑھا، اب یہ جو آئین میں ترمیم کرنے جا رہے تھے وہ راستہ رک گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا آج ہم نے قانونی جنگ جیتی ہے سیاسی جنگ ابھی جیتنی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا دن ہے۔ پی ٹی آئی کی سیٹوں کو مال غنیمت سمجھ کر دوسروں میں بانٹنے کی کوشش کرنے والے جابروں اور طاقتوروں کو شکست سے دو چار ہونا پڑا۔
شبلی فراز نے بھی فیصلے کو ملکی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ قرار دیتے ہوے کہا کہ ہمارا حق ہمیں مل گیا ۔ ابھی ہماری جدوجہد فارم47 کی بنیاد پر ہوئی دھاندلی کے خلاف جاری رہے گی۔ حامد رضا نے کہا کہ ہمیں ہمارا حق مل گیا ہم فوری طور پر چیف الیکشن کمیشن کے استعفا کا مطالبہ کرتے ہیں۔