کوئٹہ اوردیگر شہروں میں 7،9اور10محرم الحرام کو موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں 7سے10محرم الحرام کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران 7اور10محرم الحرام کو ئٹہ جبکہ 9اور 10محرم الحرام کو کچھی، جھل مگسی جعفرآباد اور اوستہ محمد میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاور، عاشورہ پر موبائل سگنلز بند رکھنے کا فیصلہ
محکمہ داخلہ کے مطابق کوئٹہ میں 7اور 10محرم الحرام کو صبح 6بجے سے رات 12بجے تک موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہےگی جبکہ کچھی ،جھل مگسی جعفرآباد اور اوستہ محمد میں 9 اور 10محر م کو موبائل سروس بند ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے حکام نے کہاکہ یوم عاشور پرکوئٹہ میں 18 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے ، پاک فوج کی 5 پلاٹون کیو آر ایف اسٹینڈ بائی رہے گی جبکہ 7 ،9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کیلئے دو ہیلی کاپٹر بھی موجود رہیں گےجبکہ صوبے کے 7 اضلاع میں یکم سے10 محرم تک دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائدکر دی گئی ہے۔
پنجاب کے کن کن شہروں میں موبائل سروس بند ہوگی؟
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں سروس بند نہیں ہو گی۔ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں موبائل سروس بحال رہے گی۔گوجرانولہ، نارووال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔جبکہ منڈی بہاوالدین، وزیر آباد اور راجنپور میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس بند ہوگی۔ فیصل آباد، بہاولنگر اور حافظ آباد میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔ راولپنڈی میں 28 مقامات، رحیم یار خان 15، میانوالی اور بہاولپور میں 11 پر موبائل سروس معطل رہے گی لیہ میں 10، مظفرگڑھ 7 اور ننکانہ صاحب میں 6 مقامات پر موبائل سروس بند رہے گی۔
ان علاقوں میں موبائل سروس کی بندش نویں اور دسویں محرم الحرام کو ہوگی اتوار 7 محرم کو راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور اور بہاولنگر کے چند علاقوں میں موبائل سروس معطل رہی امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کیلئے مخصوص مقامات پر موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔