پاکستان تحریک انصاف نے شہباز حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی سے بات چیت کاعندیہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پی ٹی آئی حکومت کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی سے رابطے کے لیے تیار ہے۔ ہماری فارم 47 کو لے کر شکایات زیادہ تر مسلم لیگ (ن )اور ایم کیوایم کو دی جانے والی سیٹوں سے متعلق ہیں۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے 11 ججز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی پارٹی ہے اور رہے گی، مخصوص نشستوں کی نظرثانی درخواست بھی انہی ججوں کے سامنے لگے گی اور اس کی قبولیت کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی، حکومتی فیصلے پر پیپلز پارٹی کا اہم بیان آگیا
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعدپاکستان تحریک انصاف اس پوزیشن میں آگئی ہے کہ ن لیگ کی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کیساتھ ملکر تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کرواسکے تاہم پیپلزپارٹی کی جانب سے اس سے متعلق کوئی ردِعمل نہیں آیا۔
گزشتہ روز حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا ۔ جلد ہی وفاقی کابینہ میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق حتمی فیصلہ کر لیا جائیگا اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حکومت پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کیلئے معاملہ سپریم کورٹ لے کر جائیگی جہاں سیاسی جماعت کو کالعدم قرار دینے کیلئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔