عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے یکم اگست سے دال، چاول اور گندم جیسی ضروری اشیاء پر سبسڈی میں 300 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دال اور گندم پر سبسڈی 25 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی کلو جبکہ گھی پر سبسڈی 70 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی کلو کی جائے گی۔ چینی پر سبسڈی میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ یہ اشیاء اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز سے کم قیمت پر خرید سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یونائیٹڈ موٹرسائیکلز کی قیمتیں کم ترین سطح پر برقرار
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم کے نئے پیکج کی سمری ای سی سی کو ارسال کردی گئی ہے اور ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد پیکج پر یکم اگست سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعظم پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو چینی، گھی، آٹا، چاول اور دال سمیت 5 اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعظم پیکج اور رمضان پیکج کے لیے 65 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، رواں مالی سال کے لیے رمضان پیکج کے لیے 10 ارب روپے اور وزیراعظم ریلیف پیکج کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ رقم 35 ارب روپے مختص کی گئی تھی۔