پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ امیر سلطان لاہور میں واپس اپنے گھر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ان کے رکن قومی اسمبلی امیر سلطان کو ان کے گھر سے نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید نےایک بیان میں کہا تھا کہ این اے 110جھنگ سے ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
ذیشان رشید نے کہا تھا کہ صاحبزادہ امیر سلطان کو سرور روڈ پر ان کے گھر سے رات گئے اغوا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمارے ایم این اے غیر محفوظ ہیں۔ دوسری جانب ایس پی کینٹ جھنگ کا کہنا تھا کہ ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔ رکن قومی اسمبلی کے اغوا سے متعلق بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رکن صنم جاوید آزاد ہیں اور وہ اپنے صوبے جا سکتی ہیں، اٹارنی جنرل
اس کے علاوہ گزشتہ روز لاپتہ ہونیوالے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی کی محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتاری ظاہر کر دی ہے۔ معظم جتوئی کیخلاف اینٹی کرپشن میں ایک مقدمہ درج ہے، اینٹی کرپشن حکام درج مقدمہ میں ریمانڈ کے لئے انہیں عدالت میں پیش کریں گے۔ معظم جتوئی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 177 سے ایم این اے ہیں۔

