امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جبکہ عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمجھی جانے والی آبنائے ہرمز بھی دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ “ڈیل پر دستخط ہو چکے ہیں اور آبنائے ہرمز کھل گئی ہے۔ دستخط کے بعد معاہدے کا مکمل مسودہ جاری کیا جائے گا۔” انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو پابندیوں میں ریلیف اس وقت تک نہیں دیا جائے گا جب تک وہ معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر مکمل عملدرآمد نہیں کرتا۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ فرانس کی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں استحکام اور بحری سلامتی کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانا بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو پاکستان کی سفارتکاری کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور جنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ “جنگ کے شعلے بجھانے کے لیے فیلڈ مارشل نے دن رات ایک کر دیے اور امن کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں استحکام، اقتصادی ترقی اور علاقائی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔