وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیرِ تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرکے وہاں جاری تعمیراتی کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پارک کے ذریعے 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی تخمینہ لاگت 25 ارب روپے ہے۔ انہوں نے اس منصوبے میں تعاون پر جنوبی کوریا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارک جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی پارک میں 120 دفاتر، ایک بزنس سپورٹ سینٹر اور تعلیمی اداروں اور ماہرین کے ساتھ قریبی تعاون ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پارک کے اندر ایک ریسٹ ہاؤس تعمیر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ کیس ، عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما بری
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک پاکستان کا پہلا کیٹیگری تھری ٹیکنالوجی پارک ہوگا جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے 24/7 پر کام کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کے حصول کے لئے سخت محنت اور لگن ضروری ہے اور انہوں نے ذاتی طور پر اس منصوبے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے اپنے اختتام ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں چھوڑ دی ہیں۔ انہوں نے پراجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی پر زور دیا کہ وہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2024 اور 2025 کے بجٹ میں آئی ٹی پارکس کے قیام اور سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت مختلف آئی ٹی منصوبوں کے لیے 79 ارب روپے مختص کیے ہیں۔