پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں۔
بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑنے کے بعد فورسز کو امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا۔
بنگلہ دیش میں طلبہ کی احتجاجی تحریک خطرناک صورتحال میں تبدیل ہو گئی اور پُرتشدد واقعات میں طلبہ کی ہلاکت پر حکومت نے تمام کالجوں اور جامعات کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا۔
بنگلہ دیش میں پڑھنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے بھی صورتِ حال نازک ہوگئی تھی اور والدین پریشان تھے جبکہ اس صورتحال میں مدد کے لیے انہوں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین کی وزیر اعظم سے مدد کی اپیل
تاہم ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں، ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن پاکستانی طلبہ سے رابطے میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈپٹی ہائی کمشنر نے چٹا گانگ کا دورہ کیا، اور وہاں کے طلبہ سے بھی ملاقات کی، ہائی کمیشن نے طلبہ کو محفوظ مقامات پر جگہ بھی دی ہے۔