معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر کو تشدد کا نشانہ بنانے اور لوٹنے کے الزام میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو پکڑا گیا ہے ، ملزمان سی آئی اے کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ملزمان میں خلیل الرحمن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون آمنہ عروج بھی شامل ہے، ملزمان کے زیر استعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی اور مزید تحقیقات جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خلیل الرحمان قمر اغوا اور تشدد واقعہ ، 7 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج
معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر کو تشدد کا نشانہ بنانے اور لوٹنے کے الزام میں 7 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ، مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ آمنہ نامی خاتون نے 15 جولائی کو رات 12 بجے خلیل الرحمان قمر کو فون کیا اور ان کا مداح ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ایک ڈرامہ پروجیکٹ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ان سے ملنا چاہتی تھیں تاہم، جب ڈرامہ نگار خاتون کے گھر پہنچے تو وہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔
اغوا کے بعد ملزمان نے خلیل الرحمان قمر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کا موبائل ، گھڑی اور نقدی بھی چھین لی۔
ملزمان نے خلیل الرحمان قمر سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے اور پھر انہیں ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔