پشاور(حسام الدین) پشاور ہائیکورٹ اور اس کے ماتحت عدالتوں میں انصاف کی منتظرزیرالتواء مقدمات کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار سے تجاوزکر گئی۔ پشاور ہائیکورٹ اور ما تحت عدالتوں میں جنوری 2018سے اپریل 2024 تک 33 لاکھ 28 ہزار 472 مقدمات داخل ہوئیں۔ جن میں 32 لاکھ 34 ہزار 351 مقدمات کو نمٹا یا جا چکا ہے ۔
مقدمات کی پیروی کے لئے سائلین آئے روزعدالت کے چکر لگاتے ہیں مگر پھر بھی کیس کی پیروی میں سالوں سال لگ جاتے ہیں۔ عدالتوں میں دہشتگردی ، قتل ،اقدام قتل ، چوری راہزنی ،جائیداد اور فیملی کورٹس اور دیگر جرائم کے کیسسز میں سے بیشتر ایسے بھی ہیں جو کئی سالوں سے زیر التوا چلے آرہے ہیں۔ رواں سال زیر التوا کیسسز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سمیت ججز کی تعداد14 ہے جبکہ6 ججز کی کمی کا سامنا ہے۔ قبائلی اضلاع کا خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیشن رپورٹ میں وعدہ کیا گیا تھا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام کے بعد پشاور ہائیکورٹ پر مقدمات کا بوجھ بڑھے گا اس کیلئے ہائیکورٹ میں مزید 10ججز کی آسامیاں تخلیق کی جائینگی تاکہ انصاف کی فوری فراہمی میں تاخیر نہ ہو تاہم 6 سال گزرنے کے باوجود پشاور ہائیکورٹ کیلئے نئی ججز کی آسامیاں تخلیق نہیں کی گئی۔
اعدادوشمار پشاور ہائیکورٹ میں رواں سال تک زیرالتواء مقدمات کی تعداد41 ہزار 337 رہی جبکہ ضلعی عدالتوں میں یہ تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 316 ریکارڈ کی گئی جنوری 2018ء میں پشاور ہائیکورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 27 ہزار 989 تھی جنوری2018ء سے اپریل 2024 تک پشاور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ79 ہزار 27 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران ایک لاکھ 73 ہزار 68 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔ ضلع عدالتوں میں جنوری2018 ء میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 2لاکھ44ہزار 56تھی۔
جنوری2018ء سے اپریل 2024ء کے دوران ضلعی عدالتوں میں مختلف نوعیت کے33 لاکھ28 ہزار472 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران 30 لاکھ61 ہزار 283 مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔رواں سال ماہ جنوری سے اپریل تک پشاور ہائیکورٹ میں دائر مقدمات سے نمٹائے جانے والے مقدمات کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ضلعی عدالتوں میں نمٹائے جانے والے مقدمات سے دائر ہونے والے مقدمات کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
رواں سال چار ماہ کے دوران پشاور ہائیکورٹ میں 10 ہزار162 نئے مقدمات دائر کئے گئے اور اسی عرصہ کے دوران 10ہزار813مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے۔دستاویزات کے مطابق ضلعی عدالتوں میں رواں سال جنوری سے اپریل کے دوران1 لاکھ 69 ہزار 251 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران نمٹائے جانے والے مقدمات کی تعداد 1 لاکھ76 ہزار 642رہی۔