(عرفان خان)
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا میں ہونے والی ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سول حکومت اور فوج کیساتھ ملکر چلنے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی اور فوجی قیادت کے علاوہ بنوں امن جرگہ کے شرکا نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام شرکا نے اتفاق کیا کہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت بنوں واقعہ کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلائی گئیں جس کی وجہ سے بنوں کی صورتحال کو ملک دشمن عناصر نے فوج کے خلاف استعمال کیا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کےخاتمے کیلئے سول حکومت اور فوج کیساتھ ملکر چلنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاورنے شرکا کو یقین دلایا کہ فوج عوام کی بہتری کیلئے ہر قدم اٹھائے گی جس پر اجلاس کے شرکا نے انہیں نہ صرف تعاون کا یقین دلایا بلکہ ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس کے دوران بنوں امن جرگہ کی جانب سے پاک فوج زندہ باد کی اصطلاح کو بھی بارہا استعمال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بھی اجلاس کے دوران بہت سے انتظامی فیصلے دئیے جن کا اعلان حکومت کی جانب سے آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
جرگے میں موجود تمام ارکان نے ملکی اداروں بالخصوص پاک فوج کے خلاف پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوج کے خلاف قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ چند لوگوں نے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے بنوں میں پیش آنے والے واقعہ کو پاک فوج کے خلاف غلط فہمیاں پھیلانے کے لئے استعمال کیا تاکہ عوام کو ریاستی اداروں سے بد ظن کیا جا سکے۔

