ایف بی آر نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990میں ترمیم کرتے ہوئے 500ڈالر فی سیٹ سے زائد مالیت کے موبائل فونز کی درآمد پر 25فیصد سیلز ٹیکس عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز قوانین میں فنانس ایکٹ 2024کے تحت کی گئی ترامیم کو شامل کرنے کیلئے 30جون 2024تک اپ ڈیٹ کردہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005جاری کیا ہے۔
مزید پڑھیں: بہترین فیول ایوریج فراہم کرنیوالی 5 بہترین موٹرسائیکلز
سی بی یو موبائل وہ اسمبل شدہ موبائل فونز ہیں جو استعمال کیلئے تیار ہوتے ہیں۔ وفاقی حکومت ان موبائل فونز کی در آمد پر بڑی کسٹم ڈیوٹی عائد کرتی ہے۔ ایف بی آر نے بدھ کے روز ترمیم شدہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 30جون 2024تک جاری کیا ۔
تازہ ترین سیلز ٹیکس ایکٹ کے مطابق موبائل فونز یا سیٹلائٹ فونز کی درآمد پر 25فیصد سیلز ٹیکس درآمدی قیمت (500 امریکی ڈالر سے زیادہ) فی سیٹ، یا مینوفیکچرر کی طرف سے سپلائی کی صورت میں روپے میں مساوی قیمت کی بنیاد پر وصول کیا جائے گا۔
یہ سیلز ٹیکس درآمد یا رجسٹریشن کے وقت کمپلیٹ بلڈ اپ (سی بی یو) کی حالت میں موبائل فونز پر لاگو ہوگا۔ تاہم ایسے درآمد شدہ سی بی یو فونز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا جن کی قیمت 500 امریکی ڈالر سے زیادہ نہیں ہوگی۔