مرغی کی سپلائی پر پابندی کے باوجود مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میںآج 7 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ حالیہ اضافے کے بعد مرغی کے فی کلو گوشت کی نئی قیمت 587 روپے مقررکر دی گئی ہے۔ زندہ برائلر مرغی کی فی کلو قیمت بھی 5 روپے بڑھ گئی۔
زندہ برائلرمرغی کا تھوک ریٹ 390 روپے کلوجبکہ پرچون ریٹ 405 روپے کلو مقررکیا گیا ہے۔ فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت 260 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔
دوسری جانب پولٹری ایسوسی ایشن نے پنجاب سے دیگر صوبوں کو مرغی سپلائی پر پابندی کے حکومتی حکم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب سے مرغی دوسرے صوبوں میں نہیں جانے دی جا رہی، چکن کی 80فیصد پیداوار پنجاب میں ہوتی ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مرغی کی قیمت آسمان پر جا چکی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے چکن کی نقل وحرکت نہ ہونے سے مرغی کا کاروبار کرنے والوں کو نقصان ہو رہا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بین الصوبائی مسائل دیکھنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،استدعاء ہے کہ پنجاب سے چکن کی نقل وحرکت پرپابندی کالعدم قرار دی جائے۔