خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کوئی اور نہیں اپنے فیصلے خود کریں گے، بحیثیت وزیراعلیٰ یہ اعلان کرتا ہوں کہ صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔
بنوں امن پاسون ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ سب سے پہلے پختونخوا کی پختونوں کی تاریخ ہے، پاکستان کو آزاد کرانے میں پختونخوا اور پختونوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، ہم نے خون بھی بہایا اور تن من دھن کی قربانی دی، امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا، ان آپریشنوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ نقصان ہوا ہے، میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعلان کرتا ہوں کہ اس صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عقل مند انسان وہ ہوتا ہے جو کسی اور کے تجربہ سے سیکھتا ہے، بے وقوف انسان وہ ہے جو اپنے تجربے سے بھی نہیں سیکھتا، ایسے عناصر موجود ہیں جو ہماری بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، کے پی کے عوام سن لیں مدرسے کے بچے ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں آج ہونے والا احتجاج مؤخر کردیا
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بنوں جرگے تمام 16 مطالبات منظور کیے گئے، میرے پاس دستخط شدہ دستاویز موجود ہے لیکن ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، آپ ہی کے 16 نکات میں ایک نکتہ تھا کہ مدارس، کسی گھر یا خفیہ ٹھکانہ سمجھے جانے والے کسی بھی مقام پر کوئی اور ادارہ نہیں بلکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس جائے گی اور وہ ہی صرف معاملے کو حل کرے گی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اپنی اصلاح کرلو جو اصلاح نہیں کرے گا سزا کیلئے تیار رہے، جہاں شرپسندوں کا شبہ ہوگا وہاں پولیس کارروائی کرے گی، کوئی مسلح گروہ یا مسلح شخص مجھے خیبر پختونخوا میں نظر نہیں آئے، کوئی کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے سوچ لے یہ ہاتھ مجھ پر ڈالا جائے گا، پولیس کو اختیار دیتا ہوں منشیات فروشوں کو مت چھوڑیں میں آپ کے ساتھ ہوں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارا شخصیت سے تو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن شہداء سے متعلق غلط بات پر مجھے تکلیف ہوتی ہے، حلف دیتا ہوں حق، امن اور انصاف کےلیے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، خیبر پختونخوا کی سرزمین پر کوئی ہم پر ظلم و جبر نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کام ہوں گے، جس کی کوئی تشہیر نہیں ہوگی، بنوں گراؤنڈ میرا وعدہ ہے، آپ کے لیے بناؤں گا اور اپنا حق لے کے رہیں گے۔