ملک کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہو گیا۔
مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دہلی میں طوفانی بارشوں سے سڑکیں تالاب میں تبدیل، الرٹ جاری
قبل ازیں ملک بھر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا ۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کی ہوائیں اگلے پانچ دنوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

