پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 16 سے 20 جون کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے جبکہ بعض بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ سمیت متعدد اضلاع بھی بارش برسانے والے سسٹم کی زد میں رہیں گے۔
فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان موجود ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
عمر جاوید نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، کھلے میدانوں سے گریز کریں اور گردوغبار یا تیز آندھی کی صورت میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقوں کے سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔