امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دھرنا عوامی امیدوں کا مرکز ہے، آئی پی پیز کا معاملہ حل ہونے تک ختم نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا شرکاء سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ دھرنے کے 7دن مکمل ہو گئے ہیں ، حکومت کی یہ سوچ تھی کہ ایک دو دن کیلئے آئیں گے لیکن کارکنوں نے ثابت کر دیا کہ دھرنے میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرناملک بھر کی عوامی امیدوں کا مرکز بن رہا ہے،جماعت اسلامی نے فیصلہ کن جدوجہد شروع کی ہے اور یہ دھرنا بھی بڑھتا جا رہا ہےاور عوام سے رابطہ بھی بہتر ہو رہا ہے ۔ حق دو عوام تحریک کا پہلا مرحلہ بجلی کے بلوں کو کم کرانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا مراعات یافتہ طبقہ تمام سرکاری اداروں کو فروخت کرنا چاہتا ہے، اگر ملک میں کوئی پیسہ لگائے تو ادارے رشوت لینا شروع کر دیتے ہیں ۔مراعات یافتہ طبقہ آپس میں ملا ہوا ہے ، ہمار ا دھرنا دینے کا مقصد ملک سے ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنا ہے ۔
ان کے مطابق حکمران چوروں، ڈاکوؤں اور خود کو تحفظ دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے 1994میں آئی پی پیز کے معاہدے کئے، پرویز مشرف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آئی پی پیز کو نوازا، ہزاروں ارب روپے لٹائےگئے۔ جن معاہدوں کی مدت ختم ہو گئی ان کو ختم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف نے نیا سیاسی اتحاد بنانے کا اعلان کر دیا
پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے بھی آئی پی پیز کو نوازا۔ حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے آئی پی پیز کے معاہدے کئے وہ ذمہ دار ہیں، ہم کیپسٹی چارجز کیلئے پیسے نہیں دیں گے۔

