سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما زعیم قادری نے شہباز شریف کو ن لیگ کی بربادر کا ذمہ دار قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر شاہد خاقان عباسی کی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کرنیوالےزعیم قادری کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن کی رات تک نواز شریف وزیراعظم تھے لیکن ان کے ساتھ گھر سے ہی ہاتھ ہوگیا۔ شاہد خاقان عباسی کا قصوریہ تھا کہ وہ ووٹ کو عزت دو کی بات کرتا تھا۔
مزید پڑھیں: قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ حکومت کرے گی، وزیر دفاع خواجہ آصف
زعیم قادری نے کہاکہ شہباز شریف اپنے بھائی نوازشریف کو ایموشنل بلیک میل کرتے ہیں۔پارٹی کو شہباز شریف نے برباد کردیا اسی لیے ن لیگ پورے لاہور سے ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی۔ الیکشن میں زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے لیکن حکومت ن لیگ نے بنالی۔ فارم 45 اور 47 سب کے سامنے ہے خود فیصلہ کرلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ لاہور کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، آپ اس وقت کسی بھی ن لیگی رہنماء سے پوچھ لیں کہ این اے 130 سے کون جیتا تھا تو وہ یہی کہے گا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد جیتی گئی تھیں اور نواز شریف کو شکست ہوئی، خاکستر ہوتی ن لیگ کو بچانے کیلیے ضروری ہے کہ الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرلیں کیوں کہ نوازشریف کو نمبر نہیں ووٹوں کی ضرورت پڑے گی، حکومت اپنی مدت پوری کر ہی نہیں سکتی اور نہ ہی اس کو یہ حق حاصل ہے کیوں کہ یہ عوام کی منتخب حکومت نہیں ہے اس لیے انہیں خود اقتدار کو چھوڑ دینا چاہیئے۔