این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے اضلاع میں اربن فلڈنگ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں بالخصوص ہزارہ، مالاکنڈ، بنوں، پشاور، کوہاٹ، صوابی، سوات، مانسہرہ اور گردونواح میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو موسم کی تازہ ترین معلومات اور الرٹس سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ واجد کی پارٹی کے 20 رہنماؤں سے متعلق افسوسناک خبر
شہری سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لئے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے واٹر پروف کریں۔ بارش کے پانی کو جمع ہونے سے روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور نکاسی آب کے موثر نظام کو یقینی بنایا جائے۔ کوئی بھی کمزور انفراسٹرکچر جو تیز ہواؤں اور بھاری بارش سے تباہ ہوسکتا ہے اسے محفوظ کیا جانا چاہئے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے لئے ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔ اتھارٹی نے سیلابی پانی میں سفر، تیراکی یا گاڑی چلانے کے خلاف بھی متنبہ کیا ہے۔