پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے مالک حکمرانوں کے رشتہ دار ہیں، جس کے ذریعے ملک تباہ کردیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگوکے دوران علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مہنگائی کے حوالے سے فکرمند ہیں ،عام پاکستانی جس کی تنخواہ 40ہزار ہے اور اگر اس کا بجلی کا بل بھی 40ہزار آجائے تو وہ کہاں سے پیسے دے گا؟۔
موجودہ حکمرانوں نے ملک کو اس نہج تک پہنچا دیاہے کہ لوگ اپنے بچوں کو سکولوں سے ہٹا رہے ہیں کیوں کہ وہ فیسیں ادا نہیں کر پا رہے ۔ آپ کی اپنی حکومت میں آپ کے رشتہ دار آئی پی پیز کے مالک ہیں ، قوم کے خون سے یہ پیسہ نچوڑا جا رہا ہے۔
8فروری 2024ء کو قوم نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنایا لیکن حکومت اور کوئی کررہا۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ یہ خاندان 40 برس سے حکومت کر رہا ہے ، پیپلز پارٹی کی خاتون وزیر بتائیں گی کہ کیا سندھ میں مہنگائی بے روزگاری نہیں رہی۔
ہسپتال مثالی بن گئے ، کیا سندھ کا ہر بچہ بلاول بھٹو زرداری کی طرح محفوظ ہے ؟۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرآپ کو 8فروری کو بیلٹ پیپر پر یقین نہیں ہے تو 5فروری کو صوابی جلسہ میں آپ نے دیکھ لیا کہ پی ٹی آئی کو عوام کس طرح چاہتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اگست میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے اور اس کے بعد لاہور میں بھی جلسہ کر کے دکھائیں گے ، ملکی مسائل کے حل کے لیے ہمیں مل کر بیٹھنا پڑے گا اور ایک دوسرے کو پاکستانی ماننے میں ہی ہماری بھلائی ہے ۔