قومی اسمبلی سکریٹریٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے 41ارکان اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )میں شمولیت اختیار نہیں کر سکیں گے ۔ پارلیمانی ذرائع نے کہا ہے کہ قانون پاس ہونے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت نہیں ہوسکے گی ۔ ترمیمی ایکٹ کے مطابق انتخابی نشان کے حصول سے قبل پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن ترمیمی بل اب باقاعدہ الیکشن ایکٹ بن گیا، صدر نے دستخط کر دیے
دوسری جانب آصف زرادری نے گزشتہ شپ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024ء پر دستخط کئے ، صدر کے دستخط کے بعد الیکشن ترمیمی بل اب باقاعدہ الیکشن ایکٹ بن گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر مملکت کے دستخط کے بعد الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ بجھوا دیا گیا ہے۔الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کا گزٹ نوٹیفیکیشن آج ہی جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ سلمان اکرم راجہ کی وساطت سے آرٹیکل 184/3 کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی، پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

