امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستان نے بہترین ثالث کا کردار ادا کیا، قطر

امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستان نے بہترین ثالث کا کردار ادا کیا، قطر

قطری وزیراعظم کے مشیر اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ قطر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں پاکستان کی قیادت میں ہونے والی ثالثی کی حمایت کر رہا ہے اور پاکستانی کوششوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا کہ اس عمل میں قطر پاکستانی قیادت میں قائم ثالثی ٹیم کا حصہ ہے اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی مکمل تائید کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مقام تک پہنچانے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرنی چاہیے، اور مستقبل میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان مرکزی ثالث کے طور پر پاکستان اہم کردار ادا کرے گا۔

قطری ترجمان نے مزید کہا کہ قطر خطے کے امن و استحکام اور سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی سلامتی کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے قطر تعمیری سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران معاہدے کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں بڑا اضافہ ، ایک دن میں 25 ارب کے ریال فروخت

ڈاکٹر ماجد الانصاری کے بیان کو پاکستان کی سفارتی کامیابی اور خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں اسلام آباد امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد سازی اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

Related Articles