بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حمایت میں مظاہرے شروع

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حمایت میں مظاہرے شروع

بنگلہ دیش کے شہروں گوپال گنج اور برگونا میں سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں، عوامی لیگ کے کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اُن کی قائد کو احترام کے ساتھ وطن واپس لایا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوپال گنج اور برگونا میں شیخ حسینہ کی حمایت میں احتجاج کے دوران فوج کی ایک گاڑی نذرِ آتش کردی گئی،  سیکڑوں کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور مطالبہ کیا کہ ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے ان کی قائد کو واپس لایا جائے۔

شیخ حسینہ کی حمایت میں مظاہرے کرنے والے تیز دھار والے آلوں، ہاکیوں اور لاٹھیوں سے لیس تھے۔ یاد رہے کہ گوپال گنج شیخ حسینہ کا آبائی علاقہ ہے۔

یاد رہے کہ کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی طلبہ تحریک کے نتیجے میں عوامی لیگ کی قائد شیخ حسینہ واجد نے وزیرِاعظم کے منصب سے 5 اگست کومستعفی ہوکر بھارت چلی گئی تھیں،  ابھی تک وہ بھارت ہی میں ہیں۔

گوپال گنج میں عوامی لیگ کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران کہا کہ شیخ حسینہ واجد کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا اور ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہرے کے دوران عوامی لیگ اور فوجیوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں  متعدد افراد زخمی ہوئے اور فوج کی ایک گاڑی کو نذرِ آتش کردیا گیا،  گوپال گنج میں تین دن سے شیخ حسینہ کی حمایت میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

عوامی لیگ کے سیکریٹری جنرل شہاب الدین اعظم نے کہا کہ جب تک شیخ حسینہ واجد کو واپس نہیں لایا جاتا تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، گھر واپس نہیں جائیں گے۔

بنگلہ دیشی اخبار  کے مطابق عوامی لیگ کے لوگوں نے ڈھاکا سے  کھلیانہ  جانیوالی ہائی وے کو بھی بلاک کر دیا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا تھا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *