رواداری، باہمی احترام اور انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے، وزیراعظم

رواداری، باہمی احترام اور انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواداری، باہمی احترام اور ہر طرح کے امتیاز کے بغیر انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے، تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے اپنے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔

محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا، قائد اعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات اور ان کی شناخت کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہے اور آج کے دن ایک بار پھر ہم اسی عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان مذہبی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔اقلیتوں کے لئے ملازمتوں میں میرٹ کے علاوہ مخصوص نشستیں اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، اقلیتی برادری کی تمام اداروں میں نمائندگی کو سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عزت و احترام کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لئے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے،پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے آزاد شہری ہیں جنہیں یکساں حقوق اور اپنے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پوری آزادی حاصل ہے ۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے افراد کی مختلف شعبوں میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اقلیتی برادری پاکستان کے دفاع میں بھی پیش پیش رہی ہے اور اسی اقلیتی برادری کے افراد کی ملک عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں بھی نچھاور کیں، آج کا دن در حقیقت تجدید عہد کا دن ہے کہ اقلیتی برادری اپنے مثالی اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے بلا امتیاز ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کرتے رہے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *