عمرہ کرنے کی آڑ میں سعودی عرب بھیک مانگنے کیلئے جانیوالے 8 خواتین سمیت 11 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر اہم کارروائی کی جس کے نتیجے میں 8 خواتین سمیت 11 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا جو بھیک مانگنے کی نیت سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملزمان کی شناخت شاہد، مجاہد، ظفر اور 8 خواتین کے طور پر ہوئی ہے جنہیں پرواز پی کے 711 سے اتارا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کی جانب سے پیش کردہ ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ جعلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: 16 اگست سے پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع
ملزمان کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ اور بھیک مانگنے والوں کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

