وزیر اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ جو لوگ ذاتی اور سیاسی مفاد کےلیے مایوسیاں پھیلا رہے ہیں وہ بھول رہے ہیں کہ یہ قوم کتنی سخت جان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ سیکریٹری اقوام متحدہ کا 2022کے سیلاب کا دورہ کرنے کے بعد خیال تھا کہ پاکستان اگلے چار سال تک سنبھل نہیں سکتا، لیکن پاکستان کی عوام نے کٹھن اور سخت وقت محنت سے گزار کرخودکو اور صوبے کو کس قدر اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا۔ اس قوم نے اس مشکل سے بھی نکل کر دکھایا، اب کی مشکلات بھی نہیں رہیں گی۔ عالمی برداری فلسطین اور کشمیر بھی بربریت کو روکے ورنہ لوگوں کا یقین اٹھ جائےگا،
وزیراعلیٰ کی گورنر کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری، پرچم کشائی، بچوں میں گھل مل گئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی یوم آزادی پر مایوسی پھیلانے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
یہ قوم پہلے بھی مشکل وقت سے نکل آئی تھی ، اب بھی مشکلات کا مقابلہ کرے گی اور پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر نکلے گی۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت ملک میں بحران کی بڑی وجہ وہ عناصر ہیں جو قوم خاص طور پر نوجوانوں میں مایوسیاں پھیلا رہے ہیں۔ مشکلات ضرور ہیں لیکن حالات اتنے خراب نہیں ہیں جتنے بعض عناصر اپنے سیاسی اور ذاتی مفاد کےلیے بتا رہے ہیں۔ وہ بھول رہے ہیں کہ یہ قوم کتنی سخت جان ہے۔ دو ہزار بائیس کا سیلاب اور اس کے بعد قوم کا پھر سے ابھرنا اس بات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل یہاں آئے تھے اور ان کا خیال تھا کہ پاکستان اگے چار سال تک ڈوبا رہے گا لیکن اس قوم نے اپنے اتحاد اور جذبے سے اس مشکل کا مقابلہ کرکے دکھایا۔ نفرتیں اور مایوسی پھیلانے والے کسی اور کا نہیں اس ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی شہر کے مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اصل طاقت کا سرچشمہ ہیں ۔ یہی لوگ اس ملک کو موجودہ مشکل حالات سے بھی نکالیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی بھی مذمت کی اور اقوام متحدہ اور عالم اسلام سے جنگ بندی کےلیے بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ نہ صرف فلسطین بلکہ کشمیر میں بھی لوگ آزادی کےلیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کو کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر بھی عملدرآمد کرانا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر فلسطین اور کشمیر میں بربریت کو نہ روکا گیا تو لوگوں کا اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے یقین اٹھ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا نوجوانوں کے لیے اہم پیغام
انہوں نے اس موقع پر پاک فوج اور پولیس کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آئیں عزم کریں کہ صدر آصف علی زرداری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریے کے مطابق ملک کو ترقی کی راہ پر جائیں گے۔ اس سے پہلے مزار قائد پہنچنے پر آئی جی سندھ پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے گورنر کامران ٹیسوری کے ہمراہ پرچم کشائی کی، مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ پرچم کشائی کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مزار قائد پر موجود بچوں سے ملے، ان کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھا اور سیلفیاں لیں۔ وزیراعلیٰ بچوں میں گھل مل گئے اور یوم آزادی کے موقع پر ان کے جذبے کی تعریف کی۔